سال نو کے لیے سوشل میڈیا پر پیغامات

جمع و ترتیب: عارف رمضان جتوئی
یوں تو ہمارے لیے ہر دن ہی نیا ہوتا ہے مگر کچھ ایسی ترتیب دنیا والوں نے دے ڈالی ہے کہ اب دن کے بعد ، مہینہ اور پھر سال بھی نیا ہوگیا۔ ایک مسلم کے لیے اسلامی سال ہی سال نو ہوتا ہے مگر عیسوی تاریخ بھی ہماری زندگی میں اپنا New-Year-Messagesمقام قائم کرچکی ہے۔ ایسا ہی ایک عیسوی سال 2018ءنئی امنگوں نئے جذبوں اور امیدوں کے ساتھ طلوع ہوچکا ہے۔ نئے سال پر لوگ مبارکیں دیتے ہیں مگر حقیقت میں ہماری زندگی کا ایک سال کم ہوچکا ہوتا ہے۔
نئے سال پر ہم عجیب کشمکش میں مبتلا ہوتے ہیں کہ آیا نئے برس کی خوشی منائیں یا گزرے برس میں ہونی والی غلطیوں پر ماتم کریں۔ ہر طلوع ہوتا سال ہمیں اپنے اہداف دیتا ہے جنہیں ہمیں پورا کرنا ہوتا مگر پھر سال کا اختتام ہورہا ہوتا ہے اور ہم ادھورے کھڑے نئے سال کی پلائنگ کررہے ہوتے ہیں۔ نئے سال کو کیسے بسر کیا جائے اس پر تقریبات، کانفرنسز اور نا جانے کیا کچھ ہوتا مگر وہ سال بھی ختم ہوجاتا ہے اور ہوتا کچھ بھی نہیں۔ آج بھی ہم نئے سال کی دہلیز پار کر چکے ہیں۔ اس سال کو کیسے گزارنا ہے یہ سوچنا بھی ہے اور اس پر عمل بھی کرنا ہے۔ اس بات کا بھی خیال رکھنا ہے کہ سال کے اختتام پر گزشتہ سال کی طرح ہم پھر سے خالی ہاتھ تو نہیں کھڑے ہوں گے۔ اپنے گزر سال کو دیکھیں اور نئے سال کی پلائنگ کریں۔
اگر وقت ہے تو کورسز کریں۔ باہر نہیں جاسکتے تو گھر بیٹھ کر نیٹ سے وڈیو کے ذریعے سیکھیں۔ آن لائن کورسز سے بھی بہت کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عملی زندگی میں اپنے پڑوس میں ایسی مصروفیات ڈھونڈیں جس میں کچھ حاصل ہو۔ قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں الغرض بہت کچھ ہے کرنے کا بہت کچھ ہے حاصل ہونے کا مگر غور تو کریں۔ اگر ایسا ہوگیا تو یقینا یہ سال آپ کے لیے بہت خوبصورت سال ثابت ہوگا۔
سال نو پر مبارکیں دینے پر اکتفا کیے بغیر اپنے چاہنے والوں، رشتہ داروں اور دوستوں کو اصلاحی پیغامات دیں۔ انہیں ان کی تربیت کے حوالے سے آئندہ سال میں کرنے کے لیے کچھ لائحہ عمل بتائیں۔ ایسے ہی کچھ پیغامات سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی جانب سے دیے گئے ہیں جنہیں ”رائٹرز کلب“ کی جانب سے خصوصی طور پر قارئین کی نذر کیا جارہا ہے۔
دیا خان بلوچ
میرا ارادہ بہت اچھا سا لکھنے کا ہے، بچوں کے ادب میں اپنا نام روشن کرنا ہے ویسے بھی میں دیا ہوں پھر بھی۔۔۔۔ اس سال مجھے ماسٹرز مکمل کرنا ہے جو ادھورے کام ہیں وہ کرنے ہیں اور سب سے بڑی خواہش کہ آنے والے سال میں، عمرہ کی سعادت نصیب ہو، آمین۔ سب کے لیے پیغام ہے کہ وہ اپنے گزشتہ سال میں رہے جانے والوں کو کاموں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کریں۔
عائشہ صدیقہ
سال 2017 میں بھی خوشیاں، غم، نعمتیں سبھی شامل رہا اور ہمیں اللہ کے شکرگزار ہونا چاہیے. اس کے ساتھ نئے سال کے آغاز میں اپنی گزشتہ غلطیوں سے سیکھ کر آئندہ کے لیے خود کو بہتر بنانے کا پختہ ارادہ کرنا چاہیے. تاکہ آنے والا کل آج سے بہتر ہو، ان شاء الله
زہرا تنویر
نئے سال کے آغاز پر یہ کہنا چاہوں گی کہ نئے سال کے ہر دن کا طلوع ہونے والا سورج ہمارے لیے اچھا ثابت ہو اور کوشش کریں اپنے عمل کو، اپنے اخلاق کو، اپنے کردار کو بہتر کریں کیونکہ اگر ہم خود کو درست سمت پر گامزن کریں گے تو ہمارے آس پاس بھی ہمارے کردار ، عمل اور اخلاق کی خوشبو دوسروں کو متاثر کرے گی۔
ارم فاطمہ
نئے سال کی ابتداء ایک عہد ایک وعدے کے ساتھ کریں کہ جہاں تک ممکن ہوسکا زندگی میں اور، اپنے ملک کے حالات میں بہتری کے لیے دعا کے ساتھ ساتھ عملی طور پر بھی کچھ کام کیا جاسکے ۔خدا سے دعا ہے یہ سال سبھی کے لیے مسرتوں کا پیغام لائے اور ہمارے پیارے پاکستان میں بھی اچھی تبدیلی کا سبب بنے، آمین
صبا نزہت
سال گزشتہ میں دنیا میں ہر طرف جنگ کا سا سماں رہا ۔شام ،فلسطین ، برما کے علاوہ ہمارا اپنا ملک بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ۔معلوم نہیں آنے والا وقت اور کتنی خون ریزی دکھائے ۔اس لیے میں سب لکھاریوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنے قلم سے جہاد کریں۔اپنے قلم کواللہ کی امانت سمجھیں اور جو بھی لکھیں اس امید اور مشن کے ساتھ لکھیں کہ آپ کا لکھا ہوا دنیا میں کسی مایوس انسان کونئی امید کا جگنو تھما دے یا کسی بھٹکے ہوئے کو صراط ِمستقیم دکھا دے ۔
عثمان الدین
بہترین انسان وہ ہوتا ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے ،2017 کے آختتام پر ہم اس سال خود سے سرزد ہونے والی غلطیوں کو سوچیں اور آئندہ ان سے بچنے کی کوشش کریں تو اگلا سال ان شاء اللہ ہمارے لیے پچھلے سال سے بہتر ثابت ہوگا ، اللہ تعالی ہم سب پر اپنا رحم فرمائے۔ آمین
عالیہ ذوالقرنین
سال بدل جاتے ہیں لیکن ہمارے اعمال نہیں بدلتے اس لیے جیسے اعمال اوپر جاتے ہیں ویسے فیصلے نیچے آتے ہیں ۔محبتیں بانٹیں نفرت کو گھر کی چار دیواری میں ہی ختم کر دیں تاکہ پھر وہ محلوں سے شہروں، اور شہروں سے ملکوں کا رخ کر کے دنیا کو آگ و خون کی بارش میں نہ دھکیلیں ۔ اللہ کرے نیا سال تمام امت مسلمہ کے لیے آسانی اور عافیت والا ثابت ہو، آمین
صائقہ حسن
اللہ تعالیٰ ہیمں مزید موقع دے رہے ہیں ہمیں سمجھنا چاہیے سال گزر رہے ہیں اور زندگی کے دن کم ہو رہے ہیں سو اس لحاظ سے اعمال بہتر بنائیں لوگوں کے ساتھ تعاون کریں، نماز کو اپنا ساتھی بنائیں اور اپنی پاک دھرتی کی کامیابی کے لیے دعا کریں ،سب سے بڑی بات زہنوں کی پختگی کی ہے جس کے لیے مثبت سوچ لازمی ہے ،ہمیشہ خوش رہیں اور دوسروں کو خوش رکھیں ،شکریہ
شمائلہ زاہد
اللّه ہمارے ملک کی حفاظت کریں ،بس میری اتنی سی دعا ہے کے اللہ تعالیٰ ملک میں آئندہ سال قانون اور آئین کی پاسداری کرنے والی حکومت رائج کریں اور کرپشن سے پاک ہوجائے میرا پیارا وطن، آمین
صبح ازل
اس سال بلند وبالا عزم کرنے کی بجاۓصرف اس بات پر فوکس رکھیں چھوٹی سے چھوٹی نیکی کا موقع بھی ہاتھ سے نہیں جا نے دیں گے. جتنا ممکن ہو سکا اپنے لیے اور ملک و قوم کے لیے کام کرنا ہے. اللہ پاک سب کو آسانیاں عطا فرماۓ ،آمین

Top