تعمیراتی صنعت زیادہ روزگارفراہم کرتی ہے،ذوالفقارچیمہ

9-3-2018کراچی سابق آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اورایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیو ٹیک) ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کو افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے۔ یہ بات انہوں نے آباد ہائوس کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا، سینئروائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند،آباد سدرن ریجن کے چیئرمین الطاف تائی،عبدالکریم آڈھیا، کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کموڈور اکبر نقی،سرکاری افسران اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی اسکلز اور صلاحیتوں کو چمکا کر ان کے لیے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کا حصول آسان بنایا جائے ،آباد کے دورے کا مقصد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ نیو ٹیک کی کوشش ہے کہ پاکستان کی تمام انڈسٹریز کے ساتھ روابط قائم کرکے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔اس ضمن میں سب سے پہلے محسن شیخانی سے آباد کے تعاون کی اپیل کی ہے ۔

Top