عوامی خدمت کے 20سال مکمل،بزنس مین گروپ کاجشن

KCCI Logoکراچی بزنس مین گروپ اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کی تاجروصنعتکار برادری اور کراچی والوں کی عوامی خدمت کے 20سال مکمل ہونے کا جشن منانے کے لیے بارہ دری میں آج ایک پروقار تقریب منعقد ہوگی۔کے سی سی آئی کے جاری ایک بیان کے مطابق اس شاندار تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی تمام کابینہ اراکین کے ہمراہ شرکت کریں گے جبکہ معزز شخصیات، اعلی سرکاری حکام،قانون نافذ کرنے اداروں کے سربراہان اور سفارتکار بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ بزنس مین گروپ 1998سے مسلسل کے سی سی آئی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کررہاہے اور یہ بات قابل فخر ہے کہ گزشتہ11 سالوں کے دوران ہونے والے انتخابات میں بی ایم جی اینز بلا مقابلہ کامیابی حاصل کررہے ہیں کیونکہ کراچی چیمبر کے 22 ہزار ممبران میں سے کوئی ایک بھی فرد بی ایم جی کی امیدواروں کے خلاف الیکشن میں کھڑا نہیں ہوتا جس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ اس گروپ کو پوری تاجر و صنعتکار برادری کا مکمل اعتماد، حمایت اور بھروسہ حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر میں تاجروصنعتکار برادری اور کراچی والوں کی ایمانداری کے ساتھ خدمات کرنے کی جدوجہدجاری رہے گی۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے سالوں میں بھی ہمیں پوری تاجروصنعتکار برادری کی حمایت حاصل رہے گی کیونکہ ہماری کارکردگی اور خدمات بغیر کسی زبان،رنگ و نسل کی تفریق کے جاری ہیں جس کو زندگی کے تمام طبقوں کی جانب سے تسلیم کیا جاتاہے۔

Top