لوکاسٹ ہاوسنگ اسکیم کیلئے بورڈکا اعلان،محسن شیخانی ممبر

13-1-2018aکراچی وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معیشت کو فروغ دینا اور جی ڈی پی کی نمو اولین ذمے داری ہے، لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہی اصل مقصد ہے، فکس ٹیکس ریجیم اچھی اسکیم تھی، لو کاسٹ ہائوسنگ کے فروغ کے لیے بورڈ تشکیل دیا جائے گا، بیرون ممالک سے سرمایہ لانے کے لیے ایمنیسٹی اسکیم کا جلد اعلان کیا جائے گا،آباد کے تمام مسائل حل کرنا ہماری ذمے داری ہے۔یہ بات انھوں نے آباد ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا،عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب،آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی،سینئروائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ اصل مقصد ریونیو بڑھانا نہیں بلکہ معیشت کی ترقی اور روزگار فراہم کرنا ہے ، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرکے ٹیکس ریٹس میں کمی کی جائے گی۔رواں برس جی ڈی پی نمو کی شرح کا ہدف 6 فیصد ہے،جی ڈی پی کو 8 فیصد تک بڑھائیں گے،ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے جی ڈی پی کو 10 فیصد کرنا ہوگا،رواں مالی سال محاصل کا ہدف 4 ہزار ارب روپے حاصل کرلیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کم آمدنی والے طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی کے لیے بورڈ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی کو بورڈ کا ممبر مقرر کردیا ۔

Top