محسن شیخانی نے لوکاسٹ ہائوسنگ اسکیم کااعلان کردیا

mohsin shekhaniکراچی اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج احمد درانی نے گزشتہ روز (12 اگست) کراچی ایکسپو سینٹر میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی فورتھ انٹرنیشنل ایکسپو 2017 کا افتتاح کردیا ، چیئرمین محسن شیخانی نے کراچی میں لو کاسٹ ہائوسنگ اسکیم کا اعلان کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں پنجاب کے سابق گورنر چوہدری محمد سرور، پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور ایم پی اے سعید غنی،چیئرمین میونسپل کمیٹی وسطی ریحان ہاشمی،چیئرمین آباد محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی،سدرن ریجن کے چیئرمین محمد ایوب ،مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندے،سرکاری اداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں بلڈرز اور ڈیولپرز شریک تھے۔ آغا سراج درانی نے تعمیراتی صنعت سے متعلق چوتھی کامیاب نمائش پر آباد رہنمائوں بالخصوص چیئرمین محسن شیخانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرآباد بلڈرز اور ڈیولپرز کے مسائل حل کرنے کے لیے سندھ اسمبلی میں قانون سازی کرنا چاہے تو ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔سابق گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری نے آبادانٹرنیشنل ایکسپو 2017 کو ملکی انفرا اسٹرکچر کی ترقی کا پیش خیمہ قراردیا، سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ماضی قریب میں سرمایہ کار کراچی شہر آنے سے بھی ڈرتے تھے ، کراچی کے بلڈرز اور ڈیولپرز قابل تحسین ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ کراچی شہر کی آباد ی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے جس کے لیے گھروں کی سخت ضرورت ہے اور صرف گھروں کی نہیں بلکہ سستے گھر چاہیے۔پوری کوشش کروں گا کہ حکومت آباد کو سوشل پروجیکٹ میں مراعاتی پیکیج دے۔اس موقع پر چیئرمین محسن شیخانی نے کراچی میں لو کاسٹ ہائوسنگ اسکیم کا اعلان کردیا جس کے تحت 15 سے 21 لاکھ روپے میں معیاری گھر فراہم کیا جائے گا ۔محسن شیخانی نے کہا کہ کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیاد ی حق ہے اور اپنا گھر رکھنے والے شہری ملک سے بھی محبت کرنے لگتے ہیں،اپنا گھر نہ ہونے سے ان میں مایوسی پائی جاتی ہے،حکومت وقت کی اولین ذمے داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو رہائشی سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو گھر فراہم کرنا آباد کا خواب ہے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے آباد نے اسلام آباد میں لوکاسٹ ہائوسنگ اسکیم کا اجرا کیا ہے جس کے تحت 15 سے 19 لاکھ روپے میں میں 5 مرلے پر مشتمل معیاری گھر فراہم کیا جائے گا۔چیئرمین آباد نے کہا کہ شہری اداروں کو مضبوط کیا جائے اور شہروں کو ترقی دینے کے لیے ماسٹر پلان بنایا جائے۔آخر میں سیلانی ویلفیئر کے روح رواں حضرت مولانا بشیر احمد فاروقی نے ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

Top