کراچی کی تعمیرنوکیلئے10 بلین ڈالردرکارہیں،وزیراعلیٰ

murad ali shah bکراچی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر نو کیلئے10بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔برنس گارڈن میں ورلڈ بینک کے تعاون سے ’’کراچی نیبر ہوڈ پروگرام‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے 98 ملین ڈالرز کی لاگت سے کراچی نیبرہوڈ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس میں ورلڈ بینک کا حصہ 86 ملین ڈالرز جبکہ صوبائی حکومت کی حصہ داری 12ملین ڈالرز کی ہوگی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2 سال پہلے میں نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے ساتھ اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا تھا اس وقت میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات تھا، اس منصوبے کو شروع کرنے میں2 سال لگ گئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ میں سمجھ رہا تھا کہ سندھ حکومت میں بیوروکریٹ رکاوٹیں ہیں لیکن ورلڈ بینک زیادہ بیوروکریٹ رکاوٹوں کا شکار ہے لیکن میں نے اور ورلڈ بینک نے مل کر کام کیا، یہ پروجیکٹ10 ماہ فنڈز ہونے کے باوجودتاخیر کا شکار ہوا، اس پر میں خوش نہیں ہوں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے لوگ ہم پر اعتبار کرتے ہیں، ہم بہتر اور جلد کام کریں گے تو کراچی کے لوگ ہم پر مزید اعتبار کریں گے۔ میں سول انجنیئر ہوں، اگر میں سب میرین چورنگی انڈر پاس کا پروجیکٹ ڈائریکٹر ہوتا تو اس کو 2ماہ میں مکمل کرلیتا مگر وہاں پر سست روی سے کام ہورہا ہے، میں کام کی رفتار سے خوش نہیں ہوں۔

Top