یوفون کی سروس شہریوں کے لیے عذاب بن گئی ۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں سروس معطل

ufoneکراچی، ٹیلی کیمونیکشن کمپنی یوفون کی کراچی کے متعدد علاقوں میں نیٹ ورک خرابی کے باعث لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا۔ متعدد صارفین نے کراچی اپ ڈیٹس کو بتایا کہ نہ ان کی سم سے کال ملائی جا سکتی ہے اور نہ ہی کسی کو ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔ کال ملانے پر کمپیوٹر ریکارڈنگ چل رہی ہے کہ آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں ۔ آپ یوفون کسٹمرسروس کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں، مگر صارفین کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن نمبر ملانے پر بھی یہی ریکارڈنگ چل رہی ہے۔ کراچی اپ ڈیٹس نے جب یوفون کے کسٹمرسروس نمبر 0331 1333100 پر رابطہ کیا، تو لائن پر موجود کسمٹر سروس آفیسر کا کہنا تھا کہ ہمارے سسٹم میں کوئی خرابی پیدا ہو گئی ہے ۔ جس کے باعث ہم فی الحال کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔ کراچی اپ ڈیٹس کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ یہ خرابی کتب تک ٹھیک کر لی جائے گی اور نیٹ ورک سروس بحال ہو جائے گی کیوں کہ صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر بھی کسٹمر سروس آفیسر نے معذرت کر لی کہ تاحال اس حوالے سے ہم کچھ نہیں بتا سکتے۔ واضح رہے کہ مذکورہ کمپنی نے سسٹم کے اپ گریڈیشن کے حوالے سے اپنے صارفین کو کوئی اطلاع نہیں دی اور نہ ہی اپنے سوشل میڈیا پر اس خرابی کے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم کی ہے۔ یوفون صارفین کا اس حوالے سے شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غیر ضروری تشہیرکے لیے درجنوں ایس ایم ایس کرنے والی اور اپنے سوشل میڈیا کو فعال رکھنے والی کمپنی صارفین کی مشکلات میں کوئی رہنمائی نہیں کر رہی نہ ہی صارفین کو نیٹ ورک خرابی کے متعلق درست معلومات دی جا رہی ہیں۔ صارفین نے وزارت داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے موبائل کمپنی کی جانب سے اس غفلت کا نوٹس لیا جائے ۔

Top