یقین ہےکوئی ابن قاسم ڈاکٹرعافیہ کوواپس لائے گا،ڈاکٹرفوزیہ

7-2-2018کراچی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی اور ان کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے جدوجہد پاکستان اور عالمی سطح پرجاری ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ سے غزالی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالقیوم کاکڑکے ہمراہ ضیاءخان کاکڑ نے ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنماڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ہم مکمل امیداور یقین کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کسی ابن قاسم کی منتظر ہے۔ملک کے کونے کونے سے عوام روزآنہ رابطہ کرکے اظہار یکجہتی اور عافیہ کی وطن واپسی کیلئے دعائیں کرتے ہیں، عوام کا یہ جذبہ ہی ہمارا یقین اور حوصلہ ہے۔جو جذبہ عوام میں ہے وہ سیاستدانوں میں پیدا ہوجائے تو ملک کے سارے مسائل حل ہوجائیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہماری موجودہ سیاسی قیادت میں سے ہی کوئی ابن قاسم بن کر عافیہ کو وطن واپس لائے گا۔عافیہ کی والدہ اور بچے بے چینی سے ماں کی آمد کے منتظر ہیں۔ پاکستان کے عوام کی جدوجہد اور جذبہ رنگ لائے گا اور ان شاءاللہ عافیہ جلد ہمارے درمیان ہوگی۔ عبدالقیوم کاکڑ نے ڈاکٹر فوزیہ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ عافیہ ہماری بہن اور پاکستان کی عزت ہے۔ انہوں نے عافیہ رہائی مہم کے سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت دی۔

Top