دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہے،حاجی ادریس

11-1-2017-aکراچی جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رفاہی ادارے الخیرٹرسٹ (العالمی) کے چیئرمین حاجی محمد ادریس نے کہاہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہے جس کے لئے اول روز سے ملک کے مختلف پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں ٹرسٹ کے ہزاروں رضاکار شب و روز مستحق ومتاثرہ بھائیوں کی خدمت کر رہے ہیں اور باالخصوص قدرتی آفات سے متاثر ہ خاندانوں کی بروقت اور ان کی دہلیز پر امداد کی رسائی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہزاروں کارکن پورے ملک میں ہروقت کمر بستہ رہتے ہیں اور اسے اپنے لئے سعادت جانتے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی سے کوئٹہ پہنچنے پرخدمت خلق فائونڈیشن بلوچستان کے سربراہ نعمت اللہ ظہیر اور جے یوآئی کے مرکزی رہنما حافظ محمد یوسف کے ہمراہ مسلم ہینڈز UKکے سربراہ سید لخت حنین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خدمت انسانیت ایک عالمگیر مشن ہے جس پر توجہ دینا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓ نے خدمت خلق کو بنیادی اہمیت دی اور خود بے سہارائوں اور ضرورت مندوں کی ان کی دہلیز پرمدد کی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ رسول اللہ ا اور صحابہ کرام کی ان بنیادی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر خدمت انسانیت کے جذبہ کو اجاگر کیا جائے اور نہ صرف خود بلکہ پوری انسانیت کو اسلام کے اس زریں سبق کی طرف متوجہ کیاجائے تاکہ ضرورت مندوں اور مشکل زدہ انسانوں کی بروقت مدد کی رسائی ممکن ہو اور انہیں سہارا مل سکے۔ ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ مسلم ایڈیوکے اور الخیرٹرسٹ کے اشتراک سے بلوچستان میں خدمت انسانیت کے لئے نیٹ ورک کو مزید وسیع اور فعال بنایا جائے گا اور آئندہ تمام منصوبے باہمی اشتراک سے مکمل کئے جائیںگے۔

Top