بلدیاتی قیادت کے خلاف عدم اعتماد لائیں گے،حافظ نعیم

hafiz-naeemکراچی جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ متحدہ کی آپس کی لڑائی نے شہر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ موجودہ بلدیاتی قیادت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے۔ عنقریب آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔کراچی میں سیاسی سرکس جاری ہے۔ان کاکہناہے کہ ایم کیو ایم قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں ہے مگر عوامی مسائل کے حل کے بجائے آپس میں لڑ رہی ہے۔جماعت اسلامی عوام کو متبادل قیادت فراہم کرے گی۔ ڈپٹی میئر خود میئر پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔متحدہ نے جبر کی بنیاد پر سیاست کی 32سال گزرنے کے باوجود نہ کوٹہ سسٹم ختم ہوا نہ عوامی مسائل۔مہاجر پانچویں قومیت کا نعرہ لگانے والوں سے کوئی پوچھے کہ اس نعرے پر کیا کام ہوا؟ اب قومیت کا نعرہ لگا کر کوئی عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتا۔عوام بھی اب اپنے مینڈیٹ کا تحفظ کریں۔ اب کوئی لانڈری جرائم پیشہ عناصر کو بے گناہ نہیں بنا سکتی۔ جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت نے شہر میں بے مثال ترقیاتی کام کروائے۔

Top