شہلارضاکی زیرصدارت پی پی سیکریٹریزاطلاعات کااجلاس

13-03-2018-aکراچی پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات وڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ اور پی ایس کے سیکریٹریز اطلاعات کا اجلاس گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں طلب کیا۔جس میں کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری،آصف خان، شہزاد مجید، آصف خان ، جانی میمن، میر عباس تالپور،شاہینہ سعیدہ ، راحت فضل چوہدری نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شعبہ اطلاعات کے حوالے سے بہتر کارکردگی اور خصوصاً سوشل میڈیا میں پارٹی کی بہتر نمائندگی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یہ طے پایا گیا کہ الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی تمام سیکریٹریز اطلاعات پارٹی کی پالیسی اورترقیاتی کاموں سے متعلق آگاہی اور اس کی تفصیلات کونے کونے تک پہنچائیں۔شہلا رضانے کہا کہ کراچی کے تمام پی ایس کے سیکریٹری اطلاعات اپنے ضلع کے سیکریٹری اطلاعات کی کوآرڈینیشن سے پارٹی پیغام کو پارٹی پروگرام کی تفصیلات یوسی اور وارڈز لیول تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قابلیت اور خصوصی توجہ کی وجہ سے آج کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیاہے ‘ انہوں نے کہا کہ کراچی کراچی کرنے والوں نے کراچی کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی عملی کام سرانجام نہیں دیا ہے بلکہ اداروں کا بیڑا غرق کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔شہلا رضا نے کہا کہ تیزی سے جاری ترقیاتی کام اس سال ہونے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی کامزید مورال بلند کرکے عوامی ووٹوں کی طاقت سے کراچی کے نام نہاد ٹھیکیداروں کو عبرتناک شکست دینگے۔

Top