الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کورجسٹرڈ نہیں کیا،مزمل ہاشمی

muzamil-iqbalکراچی ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام افراد کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو الیکشن میں عوام مسترد کریں گے۔ قائداعظم کے پاکستان میں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحا دقائم کریں گے اور قوم کو متحد کریں گے۔ الیکشن کمیشن ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن میں تاخیری حربے استعمال کر کے ہمارا بنیادی حق چھین رہا ہے۔ پاکستان کا آئین ہمیں سیاست کی اجازت دیتا ہے لیکن گیارہ ماہ سے ہمارا راستہ روکا جا رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان لاالہ الااللہ کے نظریے پر بنا، آج بھی اس ملک میں دین اسلام کو اہمیت دی جاتی ہے۔ جس طرح مدینے کا گھیراؤ کیا گیا تھا اسی طرح پاکستان آج خطرات سے دوچار ہے۔ ان خطرات سے نکلنے کے لیے ہمیں سیرت النبیﷺ سے رہنمائی لینی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت انسانیت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے ابھی تک ملی مسلم لیگ کو رجسٹرڈ نہیں کیا، ہمیں ہمارا بنیادی حق دیا جائے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں یہ بات طے ہے کہ اس ملک کے منتخب نمائندے، حکمران اور سیاستدان صادق اور امین ہونے چاہئیں مگرایسا نہیں ہے۔ ماضی میں حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹا، آنے والے الیکشن میں قوم خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے امت مسلمہ کے لیے تحفہ ہے، ہم زیادہ سے زیادہ نیکیاں کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں۔ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور سعادتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

Top