MML الیکشن میں بھرپورکردار اداکرے گی،مزمل ہاشمی

Muzamil Iqbal Hashmiکراچی ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی میں سیاست کے نام پر لسانیت پروان چڑھانے کی کوششیں کی گئیں۔ فرقہ واریت اور لسانی منافرت پھیلانے والوں کو مایوسی ہوگی۔ ملی مسلم لیگ تمام اکائیوں کو متحد کرکے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ الیکشن میں بھرپور انداز سے حصہ لے رہے ہیں، ہماری راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس 90 ضلع ملیر میں ملی مسلم لیگ آفس کے افتتاح اور دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ایم ایم ایل کے کارکنان اور ذمے داران بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے موقع پر سیاسی جماعتیں مسائل حل کرنے کا وعدہ کرتی ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ الیکشن کے بعد تمام وعدے فراموش کردیے جاتے ہیں۔ کراچی کے مسائل بجائے حل ہونے کے مزید گمبھیر ہوگئے ہیں۔ پانی کا مسئلہ سب سے زیادہ خطرناک صورت اختیار کرگیا ہے لیکن سیاست دانوں کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست انسانیت کی خدمت ہے۔ اگر عوام کے مسائل حل نہ ہو تو سیاست کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہمارا کردار کسی سے مخفی نہیں، ہم پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ملک بھر سے ہمارے امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ہم اتحاد کی صورت میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحاد سے ملک و قوم کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی کردار ادا کرنے سے روکنے کی کوششیں کی گئیں لیکن پہلے کی طرح اب بھی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں ہیں۔ ملی مسلم لیگ بھرپور انداز سے عام انتخابات میں کردار ادا کرے گی اور ملک و قوم کے لیے خدمت کے جذبے سے سرشار عوامی نمائندوں کو جتوائے گی۔

Top