صادق وامین قیادت منتخب کراناضروری ہے،مزمل ہاشمی

13-8-2018کراچی ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242، این اے 243 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ 25 جولائی تبدیلی کا دن ہے۔ ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کہ وہ آئندہ پانچ سال تک اقتدار کس کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں نااہل قیادت نے ملک و قوم کو متعدد مسائل سے دوچار کیا۔ صادق و امین قیادت کو منتخب کرانا ضروری ہوچکا ہے۔ ملی مسلم لیگ انتخابات کے بعد عوام کو نظر انداز نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے این اے 243 میں بڑی ریلی سے خطاب اور بعد ازاں ووٹرز اور اہل علاقہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حلقہ پی ایس 101 سے نامزد امیدوار فہد یوسف اور حلقہ پی ایس 102 سے نامزد امیدوار حکیم ساجد اسلام و دیگر بھی موجود تھے۔ ریلی کے دوران مختلف مقامات پر اہل علاقہ نے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کا زبردست استقبال کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ عام انتخابات میں ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔ ووٹرز کوچاہیے کہ ووٹ کاسٹ کرنے سے قبل فیصلہ کرلیں کہ وہ صادق و امین اور کرپٹ ٹولے میں سے کس کا ساتھ دے رہے ہیں۔ 25 جولائی ووٹرز کی ترجیحات کے امتحان کا دن ہے۔ ہمیں ماضی کی غلطیاں دہرانے کی بجائے بہتر مستقبل کے لیے اہل قیادت کو منتخب کرانا ہوگا۔ ملی مسلم لیگ نے جس طرح ماضی میں عوام کی بلا امتیاز خدمت کی، آئندہ بھی اسی انداز سے خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔دریں اثنا ملی مسلم لیگ کے تحت حلقہ این اے 251 اور حلقہ پی ایس 118 اورنگی ٹاؤن میں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس سے ملی مسلم لیگ ضلع غربی کے صدر حافظ محمد امجد و دیگر نے خطاب کیا۔ کارنر میٹنگ میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انتخابات میں ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب حلقہ پی ایس 111 پنجاب کالونی میں نامزد امیدوار محمد آصف نے ریلی کی قیادت کی اور دہلی کالونی میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائی اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔ حلقہ این اے 242 اور پی ایس 99 میں بھی انتخابی مہم تیز کردی گئی۔ مہم کے دوران اہل علاقہ اور مختلف برادیوں نے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرتے ہوئے انتخابی نشان کرسی کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔مزیدبراں ملی مسلم لیگ نے عام انتخابات کے لیے تیاریاں تیز کردی، گزشتہ روز گلشن اقبال میں پولنگ ایجنٹس کی تربیت کے لیے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہر بھر سے ملی مسلم لیگ کے پولنگ ایجنٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاءکو ملی مسلم لیگ کے ٹرینر انجینئر حارث ڈار نے بریفنگ دی اور پولنگ ایجنٹس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ حارث ڈار کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے پولنگ ایجنٹ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ ملی مسلم لیگ شفاف اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پولنگ ایجنٹس الیکشن کے دن اپنی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے پولنگ کی شفافیت کو یقینی بنائیں

Top