ملک میں تشددکوفرقہ واریت کی گنجائش نہیں،مزمل ہاشمی

Muzamil Iqbal Hashmi 2کراچی ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی نظریاتی ملک ہے، یہاں تشدد اور فرقہ واریت کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کو اس کے اساسی بنیاد پر استوار کرنا حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر استحکام پاکستان کے لیے کردار ادا کریں۔ 14 اگست کو سفاری پارک سے مزار قائد تک تکمیل پاکستان کارواں میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوکر نظریہ پاکستان کی تجدید کا عہد کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نظریہ پاکستان کے پرچار سے ملک دشمنوں کی سازشیں ناکام ہو رہی ہیں۔ پاکستان سیکولر ریاست نہیں، یہاں مدینہ جیسی فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت ہے۔ اسلام کے عادلانہ نظام کو اپنانے سے ہی کرپشن اور لاقانونیت کے سلسلے ختم ہوں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ 14 اگست کو ملی مسلم لیگ کا ”تکمیل پاکستان کارواں“ عوام کی آواز ثابت ہوگا۔ آج سے اضلاع اور علاقائی سطح پر بھی نظریہ پاکستان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ احیائے نظریہ پاکستان کے لیے پروگرامات کے انعقاد سے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستانی قوم نے اپنی شناخت لاالہ الا للہ کو فراموش نہیں کیا۔ پاکستانی اب بھی اسی نظریے پر قائم ہیں، جس کے تحت اس ملک کو حاصل کیا گیا تھا۔

Top