نگراں وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی چیمبرکے وفدکی ملاقات

cm in meetooکراچی نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے صنعتکاروں اور تاجربرادری کے اہم کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،صنعتکاروں اور تاجر برادری کے جائز مسائل حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، صوبے کو مسائل اور چیلنجز سے نکالنے کے حوالے سے صنعتکاروں اور تاجر برادری کا کلیدی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کےسربراہ قاسم سراج تیلی کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجر برادری کے 16 رکنی وفدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چیئرمین سندھ روینیو بورڈ خالد محمود، سیکریٹری صنعت شمس سومرو، وزیراعلیٰ سندھ کے سیکریٹری حفیظ عمرانی جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفد کے دیگر اراکین میں ہارون فاروق، انجم نثار، مفسر عطا، عبدالباسط، ہارون اصغر و دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں صنعتی علاقوں میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر کرنے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے سندھ ریونیو بورڈ کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے سلسلے میں کہا کہ تاجر برادری کے جو بھی مسائل و مشکلات ہیں وہ انکے حل کیلئے کوشاں ہیں، تاجروں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، انھوں نے وفد کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ کو جوبھی مسائل ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ فائر ٹینڈرز اور اسنارکلز پورٹ پر پہنچ گئے ہیں بہت جلد انھیں سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔ ملاقات میں صنعتکاروں نے صنعتی علاقوں میں تجاوزات کی وجہ سے درپیش مسائل اور شہر میں اسٹریٹ کرائم سے متعلق شکایات کے حوالے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا جس پر نگراں وزیراعلیٰ فضل الرحمان نے متعلقہ حکام کو احکامات دیتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے اور درپیش مسائل کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔علاوہ ازیں سائیٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔

Top