کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ارباب غلام رحیم کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ ملنے کی درخواست پر اسپیکر سندھ اسمبلی،آئی جی سندھ ودیگر سے 2مارچ تک جواب طلب کرلیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ سندھ اورموجودہ رکن اسمبلی ارباب غلام رحیم کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہ ملنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے اپنی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ارباب غلام رحیم سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن سیاسی و انتقامی بنیادوں پر جعلی مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا استدعا ہے کہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ارباب رحیم ممبراسمبلی ہیں،انہیں ووٹ ڈالنے کا مکمل حق حاصل ہے۔عدالت نے ارباب رحیم کی درخواست پراسپیکر سندھ اسمبلی،آئی جی سندھ و دیگر سے2 مارچ تک جواب طلب کرلیاہے۔