ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے دنیا کے توانائی بحران کے حل کے لیے اپنا ‘ماسٹر پلان’ پیش کر دیا ہے۔پائیدار توانائی کے مستقبل کے حوالے سے ایلون مسک نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ٹیسلا انویسٹر ڈے کے موقع اپنا ماسٹر پلان پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو پائیدار توانائی پر مبنی معیشت کی جانب لے جانا ہوگا اور ایسا ہماری زندگی کے اندر ہوگا۔ایلون مسک نے ماحول دوست توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور طیاروں کے لیے پائیدار ایندھن جیسے ذرائع کی نشاندہی کی جو ان کے مطابق دنیا میں توانائی کے بحران کا حل ثابت ہوسکتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے مستقبل قریب میں ٹیسلا کی جانب سے متعارف کرائے جانے والی 2 گاڑیوں کی جھلک بھی پیش کی۔ایلون مسک نے حال ہی میں ایک روبو ٹیکسی کا خیال بھی پیش کیا تھا۔یہ خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیاں ہوں گی اور ایلون مسک کے مطابق ایسی ایک گاڑی کی پروڈکشن 2024 سے شروع ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ماضی میں 2 ماسٹر پلان پیش کیے جاچکے ہیں۔ایلون مسک 2006 میں ٹیسلا کے لیے پہلے ماسٹر پلان کو پیش کیا تھا۔اس ماسٹر پلان میں ایلون مسک نے معیاری الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے منصوبوں پر بات کی تھی، جن کے منافع کو وہ زیادہ سستی گاڑیوں کی تیاری کے لیے استعمال کریں گے۔ان سستی گاڑیوں کے منافع سے مزید سستی گاڑیاں تیار کی جائیں گی اور یہ سب گاڑیاں کسی قسم کی زہریلی گیسیں خارج نہیں کریں گی۔ان کا یہ ماسٹر پلان کسی حد تک ٹیسلا کے لیے کارآمد ثابت ہوا۔ایلون مسک کا دوسرا ماسٹر پلان 2016 میں سامنے آیا تھا جس میں الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ مزید ٹیکنالوجیز جیسے سولر پینلز پر مشتمل چھتوں کی تیاری کی بات کی گئی تھی۔اس ماسٹر پلان میں انہوں نے خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکنالوجی کی تیاری کا منصوبہ بھی پیش کیا تھا