کراچی: شہری انتظامیہ نے کورونا کی روک تھام کے لیے رات 10 بجے کے بعد دکانیں، کاروباری مراکز،شادی ہالزاورمارکیٹیں بند کرانا شروع کردیں جب کہ پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے رات 10 بجے کے بعد بھی کئی علاقوں کی دکانیں کھلی رہیں۔کراچی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے اور بڑھتے ہوئے کیسوں کے سبب وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ رات 10 بجے کے بعد شاپنگ سینٹرز، بازار، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اورشادی ہالز سمیت تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرادی جائیں گی۔ صرف طبی سہولتوں کی فراہمی سے وابستہ اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز کو کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس حوالے سے کئی دکانداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ عزیزآباد صفہ مسجد کی دکانیں، حسین آباد، لیاری سمیت دیگر علاقوں میں پولیس مبینہ طور پر من پسند افراد کو کاروبار کی اجازت دے رہی ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے