وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے شہر قائد میں ڈاؤ یونورسٹی اوجھا اسپتال میں کورونا ویکسین کی مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا ویکسین کی فراہمی اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین نے مشکل وقت میں ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کے علاوہ کوئی بھی ملک پاکستان کی مدد کے لئے آگے نہیں بڑھا، ہم چین حکومت کے شکر گزار ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو چین نے 5 لاکھ ڈوز دیئے ہیں، سندھ حکومت کو حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا ویکسین کی 83 ہزار ڈوز ملی ہیں، حکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں، ڈاکٹرز کو سلام کرتا ہوں، یہ ڈوز ہم فرنٹ لائن ورکرز کو ہی لگائیں گے۔