سائٹ اے تھانے کی حدود میٹرویل خٹک چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل میں تعینات پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے شریف آباد سینٹر میں تعینات 31 سالہ پولیس کانسٹیبل شیراز خان ولد قمروش خان جمعرات کی شب موٹر سائیکل پر سائٹ اے تھانے کی حدود میٹرویل میں خٹک چوک پر موجود تھا جس کو نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔ گولیاں لگنے سے شیراز موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جس کے بعد میت کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے 4 خول ملے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔