وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے، تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد ہی بچوں کو بلانے کے پابند ہیں اور یہی سلسلہ مزید جاری رہے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں جو فیصلے ہوئے اسی پر عمل درآمد ہوگا، اگر کسی تعلیمی ادارے میں خدانخواستہ کورونا کے کیسز آتے ہیں تو اس کو بند کردیا جائے گا۔
سندھ بھر میں تعلیمی ادارے 15 مارچ سے بند ہونے کی افواہوں پر وزیر تعلیم نے بتایا کہ تعلیمی ادارے 15 مارچ سے بند ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ آج این سی او سی کے اجلاس میں پنجاب کے کچھ شہروں اور پشاور میں کورونا کیسز کی شرح بڑھنے پر وہاں 15 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں۔