کراچی: سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ اور اعلان ‘ انتخاب لڑنے کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب کرلیں ‘ درخواستوں کی اسکروٹنی کے لیے کمیٹی کا قیام عمل میں آ لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حسینی ہاؤس میں صوبائی صدر شہاب الدین شاہ حسینی کی صدارت میں منعقد ہونے والے آل پاکستان مسلم لیگ کی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں شریک جنرل سیکریٹری شاہد قریشی ‘ ایڈیشنل جنرل سیکریٹری وسیع الدین‘ جوائنٹ سیکریٹری سلیمان احمد‘ فائنانس سیکریٹری جمیل احمد ‘ ڈپٹی فائنانس سیکریٹری محمد مشرف ‘سینئر نائب صدر کراچی ڈویژن اسلم مینائی ‘ جنرل سیکریٹری مصطفی مرزا ‘ صدر حیدرآباد ڈویژن غلام مصطفی میمن ‘ شعیب ملک ‘ وومین ونگ کی عہدیداران فیروزہ وارثی و فہمیدہ جاکھرانی اور سندھ کے تمام اضلاع و تحصیلوں کے صدور نے باہمی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور تمام ضلعی و تحصیلوں کے صدور کو امیدواران سے درخواستوں کی وصولی اور صوبائی الیکشن سیکریٹریٹ کو فراہمی کی ذمے داری تفویض کی گئی ۔سیکریٹری انفارمیشن طاہر حسین سید کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں درخواستوں کی اسکروٹنی کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں شامل ممبران کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔