کراچی: رینجرز نے خصوصی اختیارات کے تحت قومی اسمبلی کے این اے 246 پر ضمنی انتخاب کے دوران پریزائیڈنگ آفیسر سمیت 4 افراد کو جعلی ووٹ ڈالنے کے الزام میں موقع پر ہی قید اور جرمانے کی سزائیں سنادیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے دہلی اسکول کے پریزائیڈنگ افسر ماجد علی اور ریحان نامی شخص حراست میں لیا، دونوں کا موقف جاننے کے بعد رینجرز نے ماجد علی کو 3 جب کہ ریحان کو 6 ماہ قید اور 5،5 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ اس کے علاوہ شریف آباد اور غریب آباد سے بھی 2 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کو سزائیں سنائی گئیں۔ رینجرز حکام نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شریف آباد میں واقع پولنگ اسٹیشن پر تعینات اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر جاوید صدیقی اور غریب آباد میں خاتون پولنگ ایجنٹ کو شاہ سلطانہ کو بھی جعلی ووٹ ڈالنے فوری طور پر سزا سنادیں۔ واضح رہے کہ این اے 246 پر پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے رینجرز کو خصوصی مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جس کے تحت وہ موقع پر ہی ملزمان کو سزائیں دے سکتے ہیں۔