کراچی جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی عبداللطیف نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں نے مسلم معاشروں میں نظریاتی جنگ برپا کر رکھی ہے۔ غلبہ اسلام کی تحریک کو روکنے کے لیے عالم کفر ایک ہوچکا ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے کفر و اسلام کے مابین نظریات کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ مسلمان مغربی ثقافتی یلغار کی رو میں بہہ کر اپنا مقصد حیات فراموش نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مفتی عبداللطیف نے کہا کہ ہر دور میں دشمنان اسلام مختلف انداز سے مسلم امہ پر حملہ آور ہوتے رہے۔ مسلم معاشروں میں قتل و غارت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہے۔ انسان کی حرمت کعبے سے بڑھ کر ہے۔ مسلمان فتنوں کے ایام میں تعلیمات نبوی پر ثابت قدمی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا مقصد باطل ادیان کا قلع قمع کرکے اسلام کو غالب کرنا تھا۔ انبیاءنے ہر دور میں انسانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ کفریہ طاقتیں ہماری دعوت کو غیر موثر بنانے کے لیے اپنی ناپاک سازشوں میں مصروف ہیں۔ مسلمان اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم کرکے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں۔