موسم سرما کی آمد کے بعد کراچی کے بیشتر علاقے گیس پریشر میں انتہائی کمی کا شکار ہوگئے، شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی گھروں میں فراہمی کے پریشر میں کمی موسم سرما شروع ہونے سے قبل ہی ہوگئی تھی تاہم سردی کے آمد کے بعد پریشر میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے، فیڈرل بی ایریا بلاک 9،14،15،16،17 سمیت دیگر بلاکس، نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز، بفرزون، نیو کراچی، اورنگی ٹائون، ملیر، لانڈھی، کورنگی، لیاقت آباد، ناظم آباد، گلشن اقبال کے تمام بلاکس، گلستان جوہر اور لیاری سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے صارفین نے گیس کے پریشر میں کمی کی شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس صورتحال سے شدید پریشانی کا شکار ہیں، صارفین نے حکام سے گیس پریشر میں کمی کا نوٹس لینے اور صورتحال کو معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے، علاوہ ازیں مختلف علاقوں کے مکینوں نے گیس پریشر میں کمی پر احتجاج کرتے ہوئے مظاہرہ بھی کیا ۔