گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں ترقی کے لئے وفاق اور صوبوں میں مشترکہ کو ششیں اور تعاون ہونا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ فیڈرل ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صوبے میں نو تشکیل کمیشن میں کوئی تنازعہ ( Conflict ) نہیں ہونا چاہئے ۔ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد سے بات چیت کررہے تھے جنھوں نے کمیشن کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ گورنر ہاﺅ س میں ان سے ملا قات کی ۔ گورنر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشنز کو باہمی طور پر ایسا مکینزم طے کرنا ہوگا جس سے ملک میں جاری اعلیٰ تعلیم کے عمل کو بین الاقوامی پذیرائی ملے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تدریس و تحقیق کے عمل کو وسعت دینے ، مستحکم کرنے اور معیاری بنانے کے لئے ترجیحی طور پر کام کرنا ہے ۔ گورنرنے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تحقیق و تدریس کے ضمن میں معیاری کام کیا ہے جسے جاری رہنا چاہئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہاٹھارویں ترمیم کی روشنی میں صوبے میں بھی اس جانب بھرپور توجہ دی جائے گی ۔ کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر مختار احمد نے ہائر ایجوکیشن شعبے کی ترقی کے لئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی مسلسل اور مدبرانہ کو ششوں کو سراہا ۔ ملاقات میں مشیر اعلیٰ تعلیم سید وجاھت علی ، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نو شاد شیخ ، ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی ار شد کامران ، ریجنل ڈائریکٹر سلیمان احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔