گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے منگل کی شام گورنر ہاﺅس میں Rotary and Polio Now شمع روشن کرکے پولیو کے خاتمے اور ” صحت مند دنیا “کے لئے روٹری انٹر نیشنل کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں میں پاکستان میں صوبہ سندھ سے سفر کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سے قبل گورنر ہاﺅس میں روٹری انٹر نیشنل کے وفد نے روٹری انٹر نیشنل کے ایڈ وائزر عزیز میمن کی سربراہی میں گورنر سندھ سے ملا قات کی وفد میں بھارت اور سری لنکا کے روٹری ممبران بھی شامل تھے ۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو صحت مند دنیا کے لئے روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے کی جانیوالی کاوشوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ صحت مند پاکستان ہماری منزل ہے محدود وسائل میں حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام الناس تک بہتر صحت عامہ کے فوائد زیادہ سے زیادہ پہنچ سکیں لیکن بڑھتے ہوئے آبادی کے دباﺅاور وسائل کی کمی سے مشکلات کا سامنا ہے محدود وسائل کے باعث یہ ممکن نہیں ہے کہ ملک کے طول و عرض خصوصاً صوبہ سندھ میں ہرایک فرد کو صحت کی بنیادی ضروریات حاصل ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں سماجی تنظیمیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں جس میں روٹری انٹر نیشنل کا نام نمایاں ہے خاص طور پر پولیو کے خاتمے میں روٹری انٹرنیشنل کا کردار قابل ستائش ہے ۔ وفد کے سربراہ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ روٹری انٹرنیشنل نے صحت مند دنیا کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت شمع روشن کی جارہی ہیں اور یہ سلسلہ پاکستان کے مختلف شہروں کے بعد بھارت ، سری لنکا ، نائیجیریا ، بر طانیہ ،کینیڈا اور دیگر ممالک سے ہو تا ہوا 5 جون 2015 ءتک برازیل میں ہونے والے عالمی کنونشن پہنچے گا شمع روشن کرنے کا اصل مقصد پوری دنیا کو صحت کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔