کراچی اپنی مصرف تجارتی سرگرمیوں، رنگینیوں اور روشن راتوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔
یہاں لوگوں کی سب سے نمایاں اور پسندیدہ تفریحی سرگرمی گھومنا پھرنا ہے۔
جب بات گھومنے پھرنے کی آئے تو اکثر لوگ اپنے دوستوں یا رشتے داروں کے ساتھ کسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ کراچی میں ریسٹورنٹ اور کھانے پینے کے اسٹال لگانے کا رجحان زیادہ ہے۔
بعض جگہوں پر ریسٹورنٹ اور کھانا پینے کے اسٹال اس قدر زیادہ ہیں کہ وہ فوڈ اسٹریٹ کا روپ دھار چکے ہیں۔
انہیں میں سے ایک مشہور فوڈ اسٹریٹ حسین آبادمیں بھی ہے۔
کچھ عرصہ قبل یہاں صرف چند ریسٹورنٹ ہوا کرتے تھے۔
لیکن جیسے جیسے ریسٹورنٹس میں کھانے کا رواج عام ہوتا گیا، ویسے یہاں بھی ریسٹورنٹس میں اضافہ ہوتا گیا۔
حسین آباد فوڈ اسٹریٹ پر مہنگے سے مہنگے اور سستے سے سستے ریسٹورنٹس موجود ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ لوگ اس فوڈ اسٹریٹ کو پسند کرتے ہیں۔
حسین آبادفوڈ اسٹریٹ کے اطراف میمن کمیونٹی بڑی تعداد میں رہائش پذیرہے۔
زیادہ تر دکانیں اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہیں۔
شہر کے دیگر علاقوں سے بھی فیملیاں یہاں کا رخ کرتی ہیں۔
حسین آباد کی سب سے مشہور ڈش کوئلہ کڑھائی ہے ۔
یہاں کی خاص ڈشوں میں بریانی، حلیم، برگر، گول گپے اور پیزا بھی معروف ہیں۔
دن کے اوقات میں اس فوڈ اسٹریٹ پر بریانی اور حلیم زیادہ فروخت ہوتی ہے۔
بچے اور خواتین یہاں کے برگر اور کباب رول شوق سے کھاتے ہیں۔
حسین آباد فوڈ اسٹریٹ کی رونقوں میں اضافہ مغرب کے بعد دیکھنے میں آتا ہے،
اور رات گئے تک اس کی رونقیں بحال رہتی ہیں۔