امریکی صدر نے عالمی امن خطرے سے دوچار کر دیا، حسین محنتی

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اسلام فوبیا کا ماحول بنا کر عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، کشمیر سے فلسطین تک مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے، اس کے باوجود دہشت گرد بھی مسلمانوں کو ٹھہرایا جا رہا ہے، مغرب کے دوہرے معیار کے باوجود اسلام دنیا میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مقامات پر دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماعات، ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا تبدیلی کا نعرہ بھی کھوکھلا دعویٰ اور دھوکا ثابت ہوا، عوام کا مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے جینا حرام ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قوم کے اتحاد و یکجہتی اور ایک امت کے تصور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران غیروں کے اشاروں پر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے بجائے قرآن و سنت کی تعلیم دینے والی مساجد اور مدارس پر تالے لگانے میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو کسی خاندان کے بجائے غریب عوام کی ہے اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Top