وفاقی جمہوریہ برازیل کے سفیر کلاؤڈیو لینز(Claudio Lins )نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن وامان اور سیکیورٹی سے متعلق غلط اور جھوٹی معلومات کے باعث پاکستان کے دورے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے برازیل کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے لہٰذا برازیلین سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تجارتی مشنز کے تبادلے پر توجہ دینا ہوگی۔برازیل کے سرمایہ کار اگر بھارت اور چین میں سرمایہ لگا سکتے ہیں تو پاکستان میںکیوںسرمایہ کاری نہیںکرسکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدر آصف نثار، نائب صدر محمد یونس سومرو، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز و ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی الطاف اے غفار، سابق صدر کے سی سی آئی مجید عزیز اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔کلاؤڈیو لینز نے کہاکہ برازیل کے سرمایہ کار نہیں جانتے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔پاکستان کے بارے میں منفی خبریں انہیں یہاں آنے سے دور رکھنے کا باعث ہیں اور زیادہ تر برازیلین کو نہیں معلوم کہ کئی غیر ملکی کمپنیاں کامیابی کے ساتھ پاکستان میںکاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں لہٰذا اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تجارتی وفود کے تبادلے اور فیس ٹو فیس رابطے بڑھانا انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو مزید مستحکم کرے گا جس سے برازیل سمیت دنیا بھر کے ملکوں کے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے شاندار مواقع میسر آئیں گے۔