کراچی کراچی کی مختلف مارکیٹوں کے 50 سے زائد نمائندوں نے بھتہ خوری،ڈکیتی اور دکانوں کے تالے توڑنے کے واقعات میں مسلسل اضافے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کراچی چیمبر سے مدد مانگی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خاص طور پر پاکستان رینجرز سندھ پر زور دیا جاسکے کہ وہ موجودہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر چھوٹے تاجروں اور دکانداروں نے بزنس مین گروپ ( بی ایم جی) کے چیئرمین اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی سے ملاقات میں بتایا کہ رینجرز نے بعض دکانداروں کو سہولت کار کے الزام میں گرفتار کیا ہے جو اکثرکیسز میں حقیقت پر مبنی نہیں لہٰذا یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے کیونکہ مذکورہ دکاندروں کے اہل خانہ بہت زیادہ پریشانی کاشکار ہیں انہیں نہیں معلوم کہ گرفتاری کے بعد انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں نے کہاکہ ’’ سہولیت کار‘‘ کی تعریف کیا ہے اس کو واضح کرنا چاہیے تاکہ چھوٹے تاجر ودکاندار اپنے روز مرہ کے کاروباری لین دین میںہوشیاری سے کام لے سکیں اور کچھ غلط پایا جائے تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کرسکیں۔