تحریک انصاف نے سندھ میں بلدیاتی نظام بحال کرنے کا مطالبہ کردیا، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو وزیر اعلیٰ آئے روز ٹی وی پر بیٹھ کر کورونا کے چیمپئن بنتے تھے اور ہاتھ جوڑ کر تلقین کرتے تھے وہی آج کورونا کے نام پر عوا م کے ساتھ مزاق کررہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی اور بلال غفار موجودتھے۔ فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح اتوار کے روز عوام نے ایس او پیز نظر انداز کر کے سندھ کلچر ڈے منایا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو شعور دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت پوری ہوئے کئی ماہ گزر چکے ہیں لیکن بل کا کچھ پتہ نہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جو بلدیاتی نظام کے حوالے سے مسودہ ہم نے پیش کیا ہے اس پر اسمبلی کا اجلاس بلا کر بحث کی جائے۔سندھ میں بلدیاتی نظام کو فوری بحال کیا جانا چاہئے۔