کراچی: سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا آج پیشی کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر انسداد دہشت گردی عدالت کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ پولیس نے کنٹینرز لگا کر کورٹ روڈ کو سیل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا کی عدالت آمد کے موقع پر ان کے حامی بڑی تعداد میں عدالت آنا چاہتے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عدالت جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر داخلہ سندھ کو گرفتار نہ کرنے پر ایس ایس پی ساؤتھ طارق دھاریجو اور ایس پی صدر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ایس ایچ او پریڈی کی عہدے سے تنزلی کردی گئی ہے۔ احکامات سینٹرل پولیس آفس سے جاری ہوئے۔ ایس ایس پی سینٹرل کو ساؤتھ زون کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے جبکہ ایس پی ذیشان صدیقی کو ایس پی صدر تعینات کردیا گیا ہے۔