کراچی میں موجود بعض قدیم مساجد تاریخ کاحصہ بن چکی ہیں۔ ان ہی میں سے ایک ایم اے جناح روڈ پر واقع نیو میمن مسجد ہے۔ اس کے بلند و بالا سرخ مینار پون صدی کی داستان بیان کرتے ہیں۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد قیام پاکستان کے دو سال بعد اگست 1949ءمیں رکھا گیا۔ مسجد کے17820مربع گز احاطے میں دس ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کے دو میناروں کے درمیان 70فٹ اونچا سفید گنبد بھی ہے۔ ترتیب سے بنے گنبد و مینار مسجد کی خوب صورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔ احاطہ مسجد میں وضو کے لیے دو حوض بھی ہیں، جو اس مسجد کی انفرادیت کا مظہر ہیں۔ یہ قدیم مسجد کراچی کے معروف کاروباری علاقے بولٹن مارکیٹ کی پہچان بن چکی ہے۔ یہاں عام دنوں میں نمازیوں کا رش تو ہوتا ہی ہے، رمضان المبارک میں اس کی رونقیں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ یہاں ہزاروں روزہ داروں کے لیے مفت افطاری کا انتظام کیا جاتا ہے۔ یہ اس علاقے میں مقیم میمن برادری کی اسلام سے دلی محبت اور خدمت کی عظیم مثال ہے