پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف ، سابق وزیر داخلہ آفتاب شیر پاﺅ اور شعیب شیرانی پر نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کورٹ کے فیصلے سے عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے،بلا امتیاز قانون کے نفاذ سے ہی ملک میں قانون اور آئین کی بالا دستی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔پاسبان پریس انفارمیشن سےل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر پولیس کا تفتیشی نظام اور انتظامیہ کے اقدامات درست ہوںتو موجودہ عدالتی نظام مجرموں کی سرکوبی کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کردے تو اس سے عدالتیں مضبوط اور مظلوموں کی فوری داد رسی کو ممکن بنایا جاسکتاہے ۔