چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اظفر منظور کے وژن کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کیلئے پی آئی ٹی بی نے “پارٹنرز اِن ڈیولپمنٹ” پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد مقامی سافٹ ویئر انڈسٹری کو پبلک سیکٹر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ سے منسلک کرتے ہوئے جدید عوامی خدمات کی فراہمی ہے۔ اس سلسلے میں پی آئی ٹی بی کے سافٹ ویئر انجینئرنگ ونگ کی جانب سے باہمی تعاون کے فریم ورک پر غور و خوض کیلئے نجی سیکٹر سے چودہ پری کوالیفائیڈ سافٹ ویئر ہاؤسز کیلئے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے تحت پبلک سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے نجی شعبے سے عملے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پی ایس ای بی کے مطابق پاکستان میں آئی ٹی کی سالانہ برآمدات 1.23 ارب ڈالر ہیں جبکہ بھارتی کمپنی نیسکوم کے مطابق بھارتی آئی ٹی سیکٹر نے مالی سال(2019-20) میں 191 ارب ڈالرز رد مبادلہ کمایا۔ انڈسٹری ماہرین کے مطابق 2025 تک ملکی آئی ٹی برآمدات 10 بلین ڈالرز تک پہنچ سکتی ہیں۔