کراچی مسلم ویمن لیگ کراچی کی صدر شگفتہ شاہد نے کہا ہے کہ اسلام عورت کےحقوق کی پاسداری کرتا ہے۔اسلام کے اصولوں میں عورت کا تحفظ ہے۔لیکن آج امت مسلمہ کے زوال کا سب سے بڑا سبب الحاد،بے دینی اور اسلامی قوانین سے انحراف ہے۔ اسلام کے نام پر بننے والی ریاست میں غیر شرعی اور غیر اخلاقی بلوں کا پاس ہوناسیاسی میدان میں اخلاقی روایات ناپیداور دوسری جانب مہنگائی کے نام پر عوام کو بھوک افلاس میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگلشن اقبال میں مدرسہ طیبات للبنات کی تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے صفیہ تاج ، ام حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں فہم دین کورس مکمل کرنے والی طالبات میں اسنادوانعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شگفتہ شاہد کا کہناتھا کہ پاکستان اس وقت نت نئی مشکلات سے نبرد آزما ہے۔ ان مشکلات کے حل میں خواتین موثر طور پر اپنا کردار بخوبی ادا کرسکتی ہیں۔پاکستان میں خواتین کا بہت بڑا ووٹ بنک ہے۔ اس ووٹ بنک کو صحیح استعمال اور اس کے بارے آگاہی پھیلاکرکے ملک و ملت کی خاطر اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں ۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک خداداد کےلیے ایک نوید سحر بن کر ابھری ہے۔ ہم خواتین کومعاشرے کے سدھار میں اپنی ذمہ داریاں بحسن خوبی ادا کرنی ہوں گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صفیہ تاج کا کہنا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایسی نسل تیار فرمائی جس نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادلانہ قوانین کا درس دیا اور جب تک یہ نظام بالا دست رہا ۔اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات اور مذہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا ۔جسے دیکھنے کے لیے آج ہماری آنکھیں منتظر ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔ ہمیں اپنی زندگی کو سنت مطہرہ کے سانچے میں ڈھالنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی ذات سے لے کر معاشرے تک پھیلے ہوئے ہر ہر مرحلے میں اصلاح کا عمل شروع کر دیا جائے تو دیکھتے ہی دیکھتے ہمارے مسائل دم توڑ جائیں گے۔ اور معاشرہ جنت کا نمونہ بن جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ام حسین کا کہنا تھاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے غریب کا جینا دوبھر کردیا ہے۔مہنگائی اور مسائل کے انبار گھریلو لڑائی جھگڑے اور ناچاقیوں کو سبب بنتے ہیں۔ حکمرانوں کو آپس کی لڑائیاں بھلاکرعوام کی خاطر مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا ۔اور خواتین معاشرے کا اہم پہلوہیں ۔ ہمیں معاشرے کی اصلاح کےلیے کلیدی کرادر ادا کرنا ہوگا۔