Monday, October 26, 2020
Home خاص خبریں صحت، تعلیم، فلاحی ادارے ملک میں امیر و غریب کیلئے یکساں نظام تعلیم ہونا چاہئے، پوزیشن...

ملک میں امیر و غریب کیلئے یکساں نظام تعلیم ہونا چاہئے، پوزیشن ہولڈرز

Result Picture (Arts R&P) 15-09-2014ملک میں امیر و غریب کیلئے یکساں نظام ہونا چاہئے، اردو قومی زبان ہے جس کی ترویج ضروری ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ تعلیم کی کمی، دہشتگردی اور امان و امان کا فقدان ہے، محنت تعلیم حاصل کرنے کیلئے کی ہے پوزیشن کے لئے نہیں ،معاشرے کی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے، معاشرے میں مرد و عورت کو یکساں اہمیت حاصل ہے،صنفی امتیاز کی قائل نہیں، اسلام میں مخلوط نظام تعلیم کی گنجائش نہیں۔ حکومت خصوصی افراد کوتعلیم اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے۔ ان باتوں کا اظہار اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سالانہ امتحانات برائے 2014ءایچ ایس سی ہیومینیٹیز ریگولر اور پرائیویٹ گروپس اور قوت سماعت و گویائی سے محروم طلبہ و طالبات نے بورڈ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی، ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، سیکرٹری بورڈ قاضی ارشد حسین و دیگر بھی موجود تھے۔ ریگولر امیدواروں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ اشنا اسلم کا کہنا تھا کہ موجودہ امتحانی نظام بہت بہتر ہے جس میں شفافیت موجود ہے، نصاب تعلیم میں بہتری کی گنجائش ہے، دوسری پوزیشن کی حامل طالبہ طرفیہ خان کا کہنا ہے کہ سرکاری کالجوں کی نسبت نجی کالجوں میں معیار تعلیم بہتر ہے، سرکاری کالج میں اساتذہ طالب علموں پر کم توجہ دیتے ہیں جس کی وجہ سے طالب علموں کی حاضری کا تناسب بہت کم ہوتا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ استاد بننا چاہتی ہیں، ہمارے معاشرے میں اچھے اساتذہ کا فقدان ہے۔

تیسری پوزیشن کی حامل طالبہ ثانیہ سہیل کا کہنا ہے کہ حکومت کو سرکاری کالجوں کی حالت زار بہتر بنانا ہوگی، بیشتر کالجوں میں لائٹ تک موجود نہیں ہے جس سے نہ صرف تدریسی بلکہ امتحان میں امیدوار وں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ پرائیویٹ گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ صبا ادریس کا کہنا تھا کہ کراچی میں خواتین کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ اور امن و امان کا ہے جس کی وجہ سے پرائیویٹ کالج میں داخلہ حاصل کرنے کے بجائے پرائیویٹ امتحان دیا۔ معاشرے کی ترقی کے لئے تعلیم بہت ضروری ہے، حکومت کو چاہئے کہ بہتر تعلیمی نظام کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کرے جبکہ عوام الناس کو بھی چاہئے کہ وہ تعلیم کے حصول پر زیادہ توجہ دیں۔ دوسری پوزیشن کی حامل طالبہ وردا فرید کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکوں کو زیادہ اور لڑکیوں کو کم توجہ دی جاتی ہے اس لئے لڑکیاں خود کو منوانے کے لئے تعلیم پر زیادہ توجہ دے کر پوزیشن حاصل کر کے اپنی برتری منوارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہرے نظام تعلیم کی بجائے امیر و غریب سب کے لئے یکساں نظام تعلیم ہو، اردو قومی زبان ہے، اس کی ترویج کے لئے ذریعہ تعلیم اردو کو بنایا جائے۔ تیسری پوزیشن کی حامل طالبہ نازیہ بانو نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ معاشرے میں لڑکوں اور لڑکیوں میں فرق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صنفی امتیازکی قائل نہیں بلکہ یکساں ہے، انہوں نے بتایا کہ مدرسے اور تعلیمی اداروں کی تعلیم میں واضح فرق موجود ہے، اسلام میں غلط نظام تعلیم کی گنجائش نہیں، لڑکے اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ نظام کی ضرورت ہے، مخلوط نظام تعلیم کے سبب لڑکے پوزیشن میں لڑکیوں سے پیچھے ہیں۔ قوت سماعت و گویائی سے محروم خصوصی امیدواروں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات سعد سلیم، سید بلال آصف اور بتول اشفاق کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عام طلبہ و طالبات کے لئے سرکاری اسکول و کالج قائم ہیں لیکن خصوصی امیدواروں کے لئے تعلیمی ادارے موجود نہیں جس کی وجہ سے مہنگائی اور غربت کے باوجود عوام اپنے خصوصی بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں بھیجنے پر مجبور ہیں جبکہ حکومت کی عدم توجہی کے سبب خصوصی بچے اعلیٰ تعلیم سے بھی محروم ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام خصوصی افراد کو ملازمت کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ بھی معاشرے میں موجود تمام سہولیات سے استفادہ کرسکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -

Most Popular

علی عمران کی گمشدگی، وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی قائم

کراچی، وزیراعظم عمران خان نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے جوائنٹ فیکٹ...

قائد اعظم ٹرافی ، 24 اکتوبر سے شروع ہوگی

کراچی، 24 اکتوبر سے قائد اعظم ٹرافی کا میلہ سجے گا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کی...

سندھ حکومت علی عمران کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات کرے، فواد چوہدری

کراچی، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران کے لاپتہ ہونے کی تحقیقات کےلئے سندھ...

جلد آٹا کی قیمت نیچے آجائیگی، کمشنر کراچی

کراچی، شہر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے بہت کام شروع ہوجائے گا، ان خیالات اظہار کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے میڈیا...