کراچی: سندھ میں حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے دبئی میں بلایا گیا خصوصی اجلاس گزشتہ روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق اہم اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور کو اجلاس میں شریک ہونے کے لیے لندن سے خصوصی طور پر دبئی بلایا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبائی وزارتوں اور سرکاری محکموں کی تفصیلی کارکردگی کو جانچا گیا۔ نجی اخبار کی ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بعض وزارتوں اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے بنیاد پر یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بعض وزیروں کے قلمدانوں میں تبدیلیاں کی جائیں گی جبکہ کچھ نئے لوگوں کو بھی سندھ کابینہ میں شامل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے خراب کارکردگی رکھنے والے محکموں کے سربراہان اورکرپٹ افسران کے اپنے عہدوں پر برقرار رہنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کریں۔ امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی دبئی سے واپسی پربیوروکریسی میں مزید تبدیلیاں سامنے آئیں گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔