کراچی سوئی سدرن گیس کمپنی میں قانون بحالی (Re-instatement Act) 2010ء کے تحت بحال شدہ ملازمین کااہم ترین اجلاس کراچی ریجن ملازمین کے زیراہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہواجس میں حیدرآباد، نواب شاہ، لاڑکانہ، سکھر،کوئٹہ اور کراچی ریجن کے ملازمین کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ پے فکسیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عبدالرازق خان کاکڑ، حسن آفریدی، شکیل کاکڑ، سید زین آغا، مرتضیٰ میمن ودیگر نے کہاکہ بحالی ایکٹ 2010ء کے تحت تنخواہ کے تعین کا حکومتی حکمنامہ ہماری کامیابی ہے،مزیدجدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی بحال شدہ ملازمین کو نئے بھرتی ظاہر کرکے پے فکسیشن کو دباناچاہتی ہے،پے فکسیشن ہماراحق ہے ناانصافی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومت پاکستان اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہماری درخواست ہر بحال شدہ ملازمین کے پوائنٹ ٹوپوائنٹ پے فکسیشن (تنخواہ کا تعین ) کے احکامات جاری کرچکی ہے،سوئی سدرن گیس کمپنی کو چاہئے کہ ان احکامات کی روشنی میں جلد ازجلد تمام بحال شدہ ملازمین کی تنخواہو ں کا تعین کرے انہوں نے کہاکہ ہم تمام یونینزکو بھی دعوت دیتے ہیں کہ اس مشن میں ہماراساتھ دیںتاکہ متحداور منظم طورپر مشترکہ جدوجہد بروئے کارلائی جائے۔