وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کی جانب سے مزدوروں کو بے روزگار کرنے کے سخت مذمت کرتے ہیں. ہم اسٹیل مل کے ان تمام مزدوروں کو جن کو بے روزگار کیا جارہا ہے ان کو یقین دلاتے ہیں کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے کیمپ آفس میں اسٹیل مل سے نکالے جانے والے ملازمین کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا. ملاقات میں برطرف ملازمین کی سپریم کونسل کے عہدیداران شامل تھے. اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ میں تمام مزدوروں کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے سندھ حکومت کی درخواست پر گزشتہ رات کو ریلوے ٹریک پر دھرنا ختم کیا. سعید غنی نے کہا کہ ہم اسٹیل ملز کے مزدوروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مطالبات وفاقی حکومت کو بھی پہنچائیں گے.