وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو سال کے دوران اس ملک کے عوام کو موجودہ مافیا کی حکومت نے اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا ہے لیکن نیب اس پر خاموش ہے۔ صرف ایل این جی گیس کی بروقت خریداری نہ کرنے اور گیس کی بجائے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر اس قوم کی جیبوں پر 122 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے، جس کے تمام شواہد موجود ہیں۔ اگر نیب نے اس پر فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں کی تو ہم خود نیب میں اس کا ریفرنس جمع کروائیں گے۔ نیب کو اگر اپنی شاخ کو بچانا ہے اور فیس کی بجائے کیس کے چیئرمین نیب کے اپنے دعوے کو پورا کرنا ہے تو اسے فوری طور پر گیس، چینی، آٹا، بجلی سمیت دیگر بحرانوں کے ذمہ دار وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کے خلاف ریفرنس دائر کرنے ہوں گے۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہر کام جہموری انداز میں کرنے کے حامی ہیں۔