بھارت دہشت گردی اسپانسر کرنے سے باز رہے، ثروت اعجاز

کراچی: سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مودی خطے میں دہشت گردی کو اسپانسر اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کا جواب جارحانہ رویوں اور سازشوں سے دیا جا رہا ہے، مودی الیکشن میں کامیابی کیلئے جنگ کا ماحول پیدا کرنے کے درپے ہے، پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ بھارت پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنا چاہتا ہے مگر پاکستان کے مثبت کردار اور پالیسیوں سے وہ خود تنہا ہو رہا ہے، ہم ہندوستان کو متنبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف سازشوں اور دہشت گردی اسپانسر کرنے سے باز رہے۔ مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کرپشن ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، بلاتفریق کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے، پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ملک کی سلامتی کیلئے تن من دھن قربان کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں، دو قومی نظریے کے مخالف یہود و ہنود اور بھارت کے ایجنٹ پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک کر نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں قابل ستائش ہیں، اولیاء اللہ کے فیضان اور شہیدوں کے لہو کا صدقہ ہے کہ پاکستان کو ختم کرنے کی سوچ رکھنے والے خود ختم ہو رہے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جینا مرنا ہمارے ایمان کا جز ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Top