کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار گولڈن جوبلی کے موقع پر لیاری میں شاہین جمناسٹک کلب کی بنیاد رکھی گئی، جس کا افتتاح معروف اسپورٹس آرگنائزر اور کلب کے سرپرست اعلیٰ عبدالغفار خانانی نے کیا۔ اس موقع پر کلب کے چیئرمین عابد حسین‘ جنرل سیکریٹری غلامی‘ چیف کوچ جاوید مراد اور علاقہ معززین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی‘ افتتاح سے قبل لیاری کے نوجوان گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں نے جسمانی کرتب کا شاندار مظاہرہ کرکے موقع پر موجود شائقین کے دل جیت لئے‘ مہمان خصوصی عبدالغفار خانانی نے کھلاڑیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ بحیثیت سرپرست اعلیٰ اپنا کردار احسن طریقے سے نبھائیں گے اورجمناسٹک کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومتی سطح پر بھی اس کھیل کی سرپرستی کی جائے تاکہ یہ کھلاڑی بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔