تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کورونا میں سب سے آگے مگر حکمران عیاشیوں میں مگن ہیں، کورونا کی صورتحال میں وزیر اعلیٰ سندھ سیر سپاٹے کررہے ہیں، کورونا ریلیف فنڈ پر اہم صوبائی وزراء نے اپنے ہاتھ صاف کیے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران سندھ حکومت نے کرپشن کے پرانے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، خاندان کو وزارت صحت بانٹ کر عوام کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے، محکمہ صحت سندھ اربوں کا بجٹ استعمال ہی نہیں کرسکا، وزیرِ صحت سندھ تاریخ کی ناکام اور نااہل وزیر ثابت ہوچکی ہے، سندھ کے اسپتالوں کی صورتحال دن بہ دن بدتر ہوتی جارہی ہے، سندھ کی عوام کو مشکل میں چھوڑنے والے حکمران صرف جائیدادیں بنا رہے ہیں، کورونا میں کرپشن کا معاملہ نیب اور سندھ اسمبلی لیکر جائیں گے۔