پاکستان کسٹمز ایئرپورٹ کلکٹریٹ کے انٹرنیشنل میل آفس (آئی ایم او) آئی آئی چندریگر روڈ کراچی پر تعینات ڈرگ انفورسمنٹ سیل کے عملے نے دوران چیکنگ اندرون ملک سے بیرون ملک جانے والے پارسلز کی چیکنگ کی جس میں کراچی سے برمنگھم (برطانیہ) بھیجے جانے والے کھانا پکانے کے نان اسٹک کوکوکنگ پینز (پتیلی) کے پیندے میں خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانے سے اعلیٰ کوالٹی کی 450 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت 45 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
برآمد شدہ ہیروئن کو کسٹم حکام نے اپنی تحویل میں لے کر پارسل بک کرانے والے پشاور کے رہائشی ملزم کے خلاف کسٹمز و نارکوٹکس ایکٹ کے تحت کے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔