کراچی اسٹیل ملز کے13 ہزار ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیاہے۔سندھ ہائی کورٹ میں آج پیر کو چار ماہ سے اسٹیل ملز کے 13ہزار ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔نجی چینل کے مطابق عدالت نے ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں جاری نہ کرنے پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے ادارے کے سی ایف او عارف شیخ تفصیلی جواب طلب کرلیاہے۔عدالت نے اسٹیل ملز کے سی ایف اوکو 18دسمبر تک جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کو اپنی درخواست میں بتایاتھا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے ای او بی آئی اور پرویڈنٹ فنڈز کے نام پر ماہانہ 22کروڑ روپے کٹوتی کی جاتی ہے۔درخواست میں عدالت کو آگاہ کیاگیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں سے40 ارب روپے کٹوتی ہوچکی ہے جبکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ملازمین فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں