شہرقائد میں صبح سویرے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو موت کی نیند سلادیا گیا۔ سہراب گوٹھ میں فلائی اوور پر اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے تعاقب میں اہلکار پُل پر آئے تھے جہاں ان کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا۔ دونوں اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس اہلکاروں کی شناخت محمد حسین اور محمد اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں اہلکار سمن آباد تھانے میں تعینات تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی لانڈھی کے علاقے میں رینجرز کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ستمبر 2013 میں آپریشن شروع کیا گیا تھا، اس آپریشن میں ہزاروں ملزمان کے گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا مگر اس کے برخلاف شہر میں جرائم میں نمایاں کمی نہ ہو سکی البتہ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔