کراچی، امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے عالم اسلام کی قیادتوں سے دانشمندی کے مظاہرے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغرب عالم اسلام کے خلاف عرصہ دراز سے جارحانہ روش اختیار کئے ہوئے ہے ۔وہ مسلمانوں کو آپس میں لڑاکر انہیں کمزور کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ماضی میں ایک طرف اس نے عراق کو کویت اور ایران کے خلاف جنگ میں ملوث کیا ۔افغانستان میں طالبان حکومت کے خاتمہ کے لئے اس پر حملہ کیا ۔اس تناظر میں ایران کے صدر حسن روحانی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی تقریر سے ہٹ کر منیٰ میں بھگدڑ کے واقعہ کے اسباب کی تحقیقات کے مطالبے کو ہرگز دانشمندی پر مبنی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ایسے موقع پر جب سعودی عرب کی حکومت نے اس عظیم سانحہ کے اسباب کی تحقیقات کا اعلان کیا ہوا ہے ،اقوام متحدہ میں
تحقیقات کا مطالبہ کرنا ، مغرب کو مداخلت کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ہماری قیادتوں کو ایسے معاملات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔